Tuesday, 10 December 2024

مسجد نبوی کی اہم معلومات

 ‏گنجائش

عصر حاضر کی اسلامی فکر کے ایک ماہنامہ رسالے میں مسجد نبوی کی تاریخ اور گنبد خضریٰ کے عنوان سے شائع ہونے والے ایک مضمون میں ظفر بنگش لکھتے ہیں کہ ابتدا میں مسجد نبوی کا رقبہ صرف 98 ضرب 115 فٹ تھا۔

تاہم آنے والے ادوار میں مسجد کو کئی مرتبہ وسعت دی گئی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے لوگوں، خاص طور پر حجاج کرام کے لیے ایک وقت میں نماز ادا کرنے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش پیدا کی جا سکے۔ خیال رہے کہ یہ مسجد مسلمانوں کے ان تین مقدس ترین مقامات میں ایک ہے جہاں ثواب حاصل کرنے کی غرض سے طویل سفر کی اجازت ہے۔

ڈاکٹر شفیق عمر نے اپنے ایک تحقیقی مقالے میں تحریر کیا ہے کہ اپنے ابتدائی رقبے کے لحاظ سے یہ مسجد اب سو گنا بڑی ہے اور تقریباً پورے قدیم شہر پر پھیلی ہوئی ہے۔

پروفیسر صاحب نے بیان کیا ہے کہ مسجد کی بیرونی دیوار اب جنت البقیع کے قبرستان سے مل گئی ہے جو پیغمبرِ اسلام کی زندگی میں شہر کے مضافات میں تھا اور انھوں نے اس بارے میں ڈاکٹر محمد واجد اختر کی کتاب 'نو حقائق جو آپ مسجدِ نبوی کے بارے میں نہیں جانتے' کا حوالہ دیا ہے۔

مسجد کو وسعت دینے کا حالیہ منصوبہ جو شاہ عبداللہ نے 2012 شروع کروایا تھا پایہ تکمیل تک پہنچنے پر 18 لاکھ افراد کے لیے اس مسجد میں بیک وقت نماز ادا کرنے کی گنجائش فراہم کر دے گا۔

سعودی عرب کے وزیر خزانہ ابراھیم العساف کا کہنا ہے کہ مسجد کے مرکزی حصے کی عمارت چھ لاکھ 14 ہزار 800 مربع میٹر پر مشتمل ہو گی جبکہ مسجد اور اس کے صحنوں کا مجموعی رقبہ 10 لاکھ 20 ہزار 500 مربع میٹر پر محیط ہو گا جس کے بعد 10 لاکھ افراد مسجد کی مرکزی عمارت اور آٹھ لاکھ اس کے بیرونی صحن میں بیک وقت میں نماز ادا کر سکیں گے۔ 

عرب نیوز نے مسجد کے ترجمان شیخ عبدالواحد الحطاب کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ شاہ عبداللہ نے مسجد کے اندر خصوصی طور تیار کی گئی 250 چھتریاں لگانے کا حکم دیا تھا جو ایک لاکھ 34 ہزار مربع میٹر علاقے کو سایہ فراہم کریں گی۔ یہ خودکار چھتریاں دوہری تہہ والی ہوں گی تاکہ نمازیوں کو بارش اور صحرائے عرب کی چلچلاتی دھوپ سے مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے۔ 

مسجد کو وسعت دینے کے منصوبے کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں دس لاکھ نمازیوں کی گنجائش فراہم کر دی جائے گی جبکہ پہلے مرحلے میں آٹھ لاکھ افراد کی جگہ بنائی جائے گی۔



No comments:

Post a Comment

Friday

 ﺑِﺴْـــــــــــــــــــــــﻢِ ﺍﻟﻠﮧِ ﺍﻟﺮَّﺣْﻤٰﻦِ ﺍﻟﺮَّﺣِﯿْﻢِ ﺍﻟﺴَّـــــــﻼَﻡُ ﻋَﻠَﻴــْــﻜُﻢ ﻭَﺭَﺣْﻤَﺔُ ﺍﻟﻠﻪِ ﻭَﺑَﺮَﻛـَـﺎﺗُﻪ صَـبَـــــــــــ...